روس کا یوکرین پر سب سے بڑا فضائی حملہ، شیر خوار بچے سمیت 3 افراد ہلاک

کیئو: روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیئو سمیت مختلف علاقوں پر جنگ کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا جس میں شیر خوار بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک سرکاری عمارت بری طرح متاثر ہوگئی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یوکرین کی وزیر اعظم یولیا سویریڈینکو نے بتایا کہ اس حملے میں پہلی بار کسی سرکاری عمارت کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس کی چھت اور اوپری منزلیں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔ امدادی عملہ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتا رہا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ صبح سویرے سرکاری عمارت کی اوپری منزلیں شعلوں میں گھری ہوئی تھیں اور آسمان پر دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے تھے۔یوکرین کی فضائیہ کے مطابق روس نے رات کے دوران 805 ڈرون اور 13 میزائل داغے، جن میں سے یوکرینی دفاعی نظام نے 751 ڈرون اور 4 میزائل مار گرائے۔ فروری 2022 میں روس کے حملے کے آغاز کے بعد سے یہ ڈرونز کی سب سے بڑی یلغار قرار دی جارہی ہے۔کیئو کی ملٹری ایڈمنسٹریشن کے سربراہ تیمور تاکاچینکو کے مطابق شیر خوار بچے کی لاش ڈارنیٹسکی ضلع کے ملبے سے نکالی گئی جہاں ایک چار منزلہ رہائشی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔