دریائے چناب میں ریسکیو کشتی ڈوب گئی، خاتون اور 5 بچے جاں بحق

لالپور پیروالا: دریائے چناب میں ریسکیو آپریشن کے دوران کشتی ڈوبنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون اور پانچ کمسن بچے شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں میں دو نہایت کم عمر معصوم بھی شامل ہیں، ایک بچے کی عمر 3 ماہ اور دوسرے کی عمر 6 ماہ تھی۔ اسی طرح حادثے میں 3 سالہ ماہ نور، 6 سالہ فاطمہ اور 7 سالہ عامر بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔کشتی میں 20 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں سے متعدد کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، تاہم مزید ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کا آپریشن جاری ہے۔پنجاب میں سیلابی صورتحال مزید سنگین دوسری جانب بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی نے پنجاب میں سیلابی صورتحال کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث متعدد اضلاع کے دیہات اور آبادیاں زیر آب آگئیں۔کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ بڑی تعداد میں مال مویشی بھی پانی کی نذر ہوگئے۔سیلابی ریلے تباہی مچاتے ہوئے صوبے کے آخری مقام ہیڈ پنجند کی طرف بڑھ رہے ہیں۔محکمہ آبپاشی کے مطابق ہیڈ مرالہ، راوی سائفن اور ہیڈ خانکی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ملتان کے ہیڈ محمد والا اور شیرشاہ بند پر پانی کا دباؤ خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔