بھارت: ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کا انوکھا حل، موٹرسائیکل کندھوں پر اٹھا لی

بھارتی ریاست ہریانا کے شہر گروگرام میں ٹریفک جام سے بچنے کے لیے دو شہریوں نے انوکھا طریقہ اپناتے ہوئے اپنی موٹرسائیکل کندھوں پر اٹھالی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق گروگرام کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ ایسے میں دو افراد اپنی موٹرسائیکل کے ساتھ ٹریفک میں پھنس گئے اور جب کوئی راستہ نہ ملا تو انہوں نے انوکھا فیصلہ کیا۔ دونوں نے موٹرسائیکل کو اپنے کندھوں پر اٹھایا اور پیدل چلتے ہوئے بھیڑ بھاڑ والے راستے کو عبور کرنے لگے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سڑک پر کاروں، بائیکوں اور پیدل چلنے والوں کا ہجوم موجود تھا، لیکن دونوں افراد نے مہارت کے ساتھ موٹرسائیکل کو اٹھائے رکھا اور چلتے رہے۔گروگرام بھارت میں ٹریفک کی بھیڑ کے حوالے سے مشہور ہے جہاں روزانہ لاکھوں لوگ ٹریفک جام میں پھنستے ہیں۔ اس ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے شروع کر دیے، کچھ نے شہریوں کے صبر اور برداشت کی داد دی تو کچھ نے گروگرام کے ٹریفک نظام پر سوالات اٹھائے۔واضح رہے کہ بھارت کے بڑے شہروں میں بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے ناقص انتظامات کے باعث اکثر اوقات سڑکیں جام رہتی ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔