غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ حملے، تازہ بمباری میں 70 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ پر اسرائیلی فوج کے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 70 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی، جس میں 7 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، جنوبی رفح میں امدادی سامان کے قریب موجود لوگوں کے ایک گروپ پر بھی گولیاں برسائی گئیں، جس سے 7 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔گذشتہ 3 دنوں میں اسرائیلی زمینی اور فضائی حملوں میں 250 سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق جمعرات کے روز کم از کم 53 افراد شہید ہوئے، زیادہ تر حملے شہر میں مضافاتی علاقوں میں ہوئے، جہاں اسرائیلی فوج شہر کے مرکز سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ چکی ہے۔اس کے علاوہ اسرائیل نے غزہ شہر کے 40 فیصد علاقے پر قبضے کا دعویٰ کیا اور فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے مزید بڑھانے کا اعلان کیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ غزہ میں حماس کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور حملے آنے والے دنوں میں مزید شدت اختیار کریں گے۔غزہ میں یہ تازہ حملے شہری آبادی اور امدادی سرگرمیوں کو بھی شدید متاثر کر رہے ہیں، اور ہزاروں فلسطینی گھروں سے نکالنے کی اسرائیلی دھمکیوں کے باوجود انخلا سے انکار کر چکے ہیں۔