بھارتی پائلٹ خواتین کی نازیبا ویڈیوز ریکارڈ کرتے ہوئے گرفتار

نئی دہلی: پولیس نے خواتین کی نازیبا ویڈیو ریکارڈ کرنے والے بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے خفیہ کیمرہ برآمد کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم پائلٹ کی شناخت 31 سالہ موہت پریہ درشی کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ کا رہائشی ہے اور ایک نجی ایئر لائن میں پائلٹ کی حیثیت سے کام کرتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ دہلی کے جنوب مغربی ضلع کشن گڑھ میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے 30 اگست کی رات تقریباً 10 بجکر 20 منٹ پر شکایت درج کروائی۔ خاتون نے الزام لگایا کہ وہ شانی بازار میں موجود تھیں جب ایک شخص خفیہ کیمرے کے ذریعے ان کی ویڈیو ریکارڈ کر رہا تھا۔خاتون کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دفعہ 77/78 بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ تفتیش کے دوران آس پاس کے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، جبکہ مقامی انٹیلی جنس بیٹ اسٹاف اور خفیہ ذرائع کو بھی متحرک کیا گیا۔معلومات اکٹھی کرنے کے بعد پولیس نے مشتبہ شخص کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے خواتین کی خفیہ اور نازیبا ویڈیو ریکارڈ کرنے کا اعتراف کرلیا۔ پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے ایک خفیہ کیمرہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔پولیس حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا ملزم نے دیگر خواتین کی ویڈیوز بھی ریکارڈ کی ہیں یا نہیں۔