اسرائیلی فوج نے ابو عبیدہ کی نئی تصویر جاری کردی

اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کی نئی تصویر جاری کی ہے، جس میں وہ حماس کے اعلیٰ کمانڈرز محمد الضیف اور رافع سلامہ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔گزشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی میں ابو عبیدہ کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے “ایکس” پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں ایک دستاویز سے ملنے والی تصویر ابو عبیدہ کی حماس کی قیادت میں مرکزی حیثیت کو ثابت کرتی ہے۔ترجمان کے مطابق ابو عبیدہ ہمیشہ نقاب کے پیچھے رہتے اور حماس کا “چہرہ” تصور کیے جاتے تھے۔ابو عبیدہ، جن کا اصل نام ہدیفہ سمیر عبداللہ الکحلوت ہے، 2006 سے القسام بریگیڈز کے ترجمان کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ 2002 سے تنظیم کی میڈیا نمائندگی کر رہے ہیں اور اپنی ویڈیوز میں سرخ کیفیہ سے چہرہ ڈھانپ کر پیغامات دیتے رہے ہیں، جنہیں سوشل میڈیا اور عالمی نیوز چینلز پر نشر کیا جاتا ہے۔ انہیں حماس کا “میڈیا مشین” بھی کہا جاتا ہے۔انہوں نے 7 اکتوبر 2023 کے آپریشن طوفان الاقصیٰ کے بعد نمایاں شہرت حاصل کی۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق ابو عبیدہ صرف ترجمان ہی نہیں بلکہ حماس کی قیادت میں اہم فیصلہ ساز بھی تھے۔ ان کا تعلق غزہ کے گاؤں نالیہ سے ہے اور انہوں نے اسلامی یونیورسٹی غزہ سے مذہب کے بنیادی اصولوں میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی تھی۔