گجرات میں ریکارڈ بارش، 20 گھنٹوں میں 506 ملی میٹر بارش سے تباہی

پنجاب کے شہر گجرات اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا، کئی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گجرات نے بتایا کہ گزشتہ 20 گھنٹوں کے دوران شہر میں ریکارڈ 506 ملی میٹر بارش ہوئی، جب کہ نالہ بھمبر میں شدید سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ قمر سیالوی روڈ پر نالہ اوور فلو ہونے سے پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، اسی طرح کچہری روڈ اور واپڈا کالونی میں بھی بارش اور سیلابی پانی گھروں تک پہنچ گیا۔ادھر جنوبی پنجاب میں دریاؤں کی صورت حال تشویشناک ہے۔ ملتان کے ہیڈ محمد والا پر پانی کا لیول 413.66 فٹ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ کریٹیکل لیول 417 فٹ ہے۔ کمشنر عامر کریم کے مطابق پانی کی صورت حال پر مکمل مانیٹرنگ جاری ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں بریچنگ کا فیصلہ ٹیکنیکل کمیٹی کرے گی۔ آبادی کو بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے راوی، ستلج اور چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس کے باعث پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، جس میں ڈرون کیمروں اور تھرمل امیجنگ ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد اور 4 لاکھ مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ پولیس اور دیگر ادارے شاہدرہ، ملتان، قصور، وہاڑی، لودھراں اور میلسی سمیت متاثرہ علاقوں میں ریلیف و بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔