کراچی (کرائم رپورٹر): کراچی پولیس نے لیاری گینگ وار کمانڈر وصی اللہ لاکھو کے ریڈ وارنٹ جاری کروانے کے لیے ایک اور کوشش کی ہے۔ وصی اللہ لاکھو بھتہ خوری، قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب ہے۔تفصیلات کے مطابق وصی اللہ لاکھو ایران اور دبئی سے کراچی میں بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلا رہا ہے۔ وہ غیر ملکی نمبروں کے ذریعے تاجروں اور شہریوں سے بھاری بھتہ طلب کرتا ہے اور ادائیگی نہ کرنے پر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا ہے۔ پولیس کے مطابق لاکھو مقامی جرائم پیشہ عناصر کو استعمال کر کے خوف و ہراس بھی پھیلاتا ہے۔پولیس اور اسپیشلائزڈ یونٹس کی جانب سے اب تک وصی اللہ لاکھو کے ریڈ وارنٹ کے لیے چار مرتبہ خط لکھے جا چکے ہیں۔پہلا خط 2024 میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے تحریر کیا۔دوسرا خط ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے 10 جولائی 2024 کو لکھا۔تیسرا خط 11 جنوری کو بھیجا گیا، جس میں حکام نے ملزم کی ٹریول ہسٹری اور جرائم کی تفصیلات مانگیں۔چوتھا اور تازہ ترین خط گزشتہ روز تحریر کیا گیا ہے، جس میں مکمل ریکارڈ شامل کیا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ وصی اللہ لاکھو مقامی پولیس کی گرفت سے باہر ہے، اس لیے ریڈ وارنٹ جاری کر کے اسے گرفتار کرنا ضروری ہے تاکہ تاجر برادری اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔پولیس ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام کے ذریعے انٹرپول سے رابطہ ہو چکا ہے اور امکان ہے کہ وصی اللہ لاکھو کو جلد گرفتار کر کے کراچی منتقل کر دیا جائے گا۔