علیمہ خان نے عمران خان کی صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کردیا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے اپنے بھائی کی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ لاہور میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان بالکل خیریت سے ہیں، تاہم وہ مطالبہ کرتی ہیں کہ ان کا طبی معائنہ ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی میں کیا جائے تاکہ شفافیت اور عوامی اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔”عمران خان صحت مند ہیں، افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں”
علیمہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما عظمیٰ خان نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں دریافت کیا تھا، اور وہ خود بھی ڈاکٹر ہیں۔ “عمران خان بالکل ٹھیک ہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں چلائی جا رہی ہیں۔ میڈیا اور سوشل میڈیا سے گزارش ہے کہ خبر نشر کرنے سے پہلے ہم سے تصدیق کر لیا کریں۔”ملاقاتوں اور اختلافات کی خبروں پر وضاحت انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت صرف پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت ہے۔ اس دوران علیمہ خان نے سلمان اکرم راجہ کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا:”میرا سلمان اکرم راجہ کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں، وہ اب بھی پی ٹی آئی کے وکیل ہیں اور ہم انہیں خاندان کا حصہ سمجھتے ہیں۔”