چین نے اعلان کیا ہے کہ روسی شہری 15 ستمبر سے آزمائشی بنیادوں پر ویزا فری داخلے کے اہل ہوں گے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ سہولت عام پاسپورٹ رکھنے والے روسی شہریوں کے لیے ایک سال کے لیے دی جائے گی، جس کے تحت وہ زیادہ سے زیادہ 30 دن تک چین میں قیام کر سکیں گے۔چین نے اس سے قبل سیاحت کو فروغ دینے کے لیے 70 سے زائد ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا تھا۔ نئی پالیسی کے تحت اب کل 74 ممالک کے شہری بغیر ویزا چین میں 30 دن تک قیام کر سکتے ہیں۔ چینی حکومت اس اقدام سے سیاحت، معیشت اور اپنی عالمی طاقت کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ملک کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 2024 میں 20 ملین سے زائد غیر ملکی سیاح بغیر ویزا چین میں داخل ہوئے۔چین میں ویزا پالیسی میں نرمی کے بعد دنیا بھر سے سیاح ملک کے سیاحتی مقامات کا رُخ کر رہے ہیں، اور ٹریول کمپنیاں و ٹور گائیڈز گرمیوں کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کی بڑی آمد کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ دسمبر 2023 میں چین نے فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، اسپین اور ملائیشیا کے شہریوں کے لیے ویزا فری داخلے کا اعلان کیا تھا، اور اس کے بعد تقریباً پورا یورپ نئی ویزا پالیسی میں شامل ہو چکا ہے۔