بھارت: جوتے میں چھپے سانپ کے ڈسنے سے سافٹ ویئر انجینئر جاں بحق

بنگلورو: بھارت میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 41 سالہ سافٹ ویئر انجینئر منجو پرکاش جوتے میں چھپے سانپ کے ڈسنے سے جان کی بازی ہار گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق منجو پرکاش نے اپنے جوتے (کروکس) گھر کے دروازے کے باہر رکھے تھے۔ وہ قریبی دکان سے سامان لینے کے لیے باہر گیا اور بنا دیکھے جوتے پہن لیے۔ بدقسمتی سے جوتے میں ایک زہریلا سانپ چھپا ہوا تھا جس نے اسے ڈس لیا۔اہلِ خانہ کے مطابق منجو پرکاش ایک حادثے کے باعث اپنی ٹانگ کی حس پہلے ہی کھو چکا تھا، اسی لیے اسے سانپ کے ڈسنے کا احساس نہ ہوسکا۔ وہ گھر آکر کمرے میں آرام کرنے لیٹ گیا۔ بعد ازاں گھر کے ایک ملازم نے جوتے میں سانپ دیکھ کر اہلِ خانہ کو اطلاع دی۔جب جوتے سے سانپ نکالا گیا تو وہ دباؤ کی وجہ سے مردہ پایا گیا۔ منجو کے والد جب کمرے میں گئے تو بیٹا بیہوش پڑا تھا، اس کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی اور ٹانگ سے خون بہہ رہا تھا۔اہلِ خانہ فوری طور پر اسے اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔