این ای او سی نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور پنجاب میں بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔جاری مراسلے کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ اسی طرح ملتان، خانیوال، بہاولنگر، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ اور گجرات میں تیز بارش کی توقع ہے، جبکہ گوجرانوالہ، حافظ آباد، چنیوٹ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں رواں ہفتے تیز بارش کا کوئی امکان نہیں، شہر کا موسم مرطوب اور مطلع ابر آلود رہے گا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے اور دن کے اوقات میں درجہ حرارت 33 ڈگری تک جا سکتا ہے، جس سے گرمی محسوس ہوگی۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم تا 3 ستمبر ممکنہ بارشوں کے باعث متعدد علاقوں کے لیے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق مشرقی دریاؤں میں شدید بہاؤ کا خدشہ ہے: دریائے ستلج میں موجودہ بہاؤ 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک ہے، مزید 3 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ متوقع ہے۔دریائے راوی جسر کے مقام پر بہاؤ 60 ہزار کیوسک ہے جو 1.5 لاکھ کیوسک تک جا سکتا ہے۔نالہ بین، ڈیک اور بسنتَر میں شدید طغیانی کا امکان ہے۔دریائے چناب مرالہ پر بہاؤ 94 ہزار کیوسک ہے اور اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔