واٹس ایپ کا نیا فیچر: اب اسٹیٹس صرف قریبی دوستوں کو دکھائی دے گا

ریاض: دنیا کی سب سے مقبول پیغام رسانی ایپلیکیشن واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک اور شاندار فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے۔میٹا کی زیر ملکیت اس ایپلیکیشن کی جانب سے رواں سال کئی نت نئے فیچرز پیش کیے گئے تاکہ صارفین کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے اور دیگر ایپس پر سبقت حاصل کی جا سکے۔اب ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ جلد ہی آئی او ایس صارفین کے لیے “اسٹیٹس اپ ڈیٹس ود کلوز فرینڈز” کے نام سے فیچر متعارف کرائے گی۔ اس فیچر کے تحت صارفین اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹ صرف منتخب اور قریبی دوستوں کو دکھا سکیں گے۔یہ فیچر بالکل انسٹاگرام کے “کلوز فرینڈز” آپشن جیسا ہوگا، جس میں صارف اپنی مخصوص لسٹ بنا سکتا ہے اور صرف انہی لوگوں کو اسٹیٹس دکھا سکتا ہے۔فی الحال یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر تمام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا، تاہم ٹیسٹنگ مرحلے میں ہونے کی وجہ سے امکان ہے کہ جلد ہی متعارف کرا دیا جائے۔ٹیک ماہرین کے مطابق یہ فیچر صارفین کو اپنی پرائیویسی پر مزید کنٹرول دینے کے ساتھ ساتھ ان کے اسٹیٹس کے تجربے کو بھی زیادہ دلچسپ بنائے گا۔