میڈرڈ: اسپین کے بادشاہ فلپ ششم کا عالمی کارڈیالوجی کانگریس میں خطاب، شہزادی لیونور فوجی تربیت کے آخری مرحلے میں داخل

میڈرڈ: اسپین کے بادشاہ فلپ ششم نے یورپی سوسائٹی آف کارڈیالوجی کی سالانہ کانگریس کے اہم اجلاس میں شرکت کی، جبکہ اسی روز ولی عہد شہزادی لیونور نے اپنی فوجی تربیت کے آخری مرحلے کا آغاز کیا۔شاہی خاندان کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری بیان کے مطابق، بادشاہ فلپ نے “ہارٹ اینڈ سوسائٹی” سیشن میں شرکت کی، جس میں دنیا بھر کے امراضِ قلب کے ماہرین شریک تھے۔بادشاہ فلپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہرین کی خدمات عالمی سطح پر انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ قلبی صحت ایک عالمی مسئلہ ہے اور جب علم ترقی کے لیے استعمال ہو تو اس کی کوئی سرحد باقی نہیں رہتی۔دوسری جانب، ولی عہد شہزادی لیونور نے جنرل ایئر اینڈ اسپیس اکیڈمی سان جاویر میں فوجی تربیت کے آخری مرحلے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اکیڈمی کے مختلف حصے دیکھے، سمیولیٹر ایریا کا معائنہ کیا اور جدید تربیتی طیارے کے کاک پٹ میں بیٹھ کر عملی مشق کا تجربہ بھی کیا۔