ذرائع آبپاشی کے مطابق بھارت نے دریائے ستلج میں تقریباً 2.5 سے 3 لاکھ کیوسک پانی چھوڑا ہے، جو اگلے 48 گھنٹے میں پاکستان کے علاقوں میں داخل ہوگا۔ پانی پونگ اور باکھڑا ڈیموں سے خارج کیا گیا، جبکہ گنڈا سنگھ والا میں ستلج میں ایک ماہ سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے۔گزشتہ روز بھارت نے پاکستان کو دریائے ستلج کے دو مقامات پر سیلاب سے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا۔ بھارتی ہائی کمیشن کی اطلاع کے بعد وزارت آبی وسائل نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو فوری طور پر آگاہ کیا۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے ستلج کے ہریکے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث ڈاؤن اسٹریم علاقوں میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ مزید برآں، دریائے ستلج اور اس سے جڑے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔