اتر پردیش: بیوی نے 7 سال سے لاپتا شوہر کو انسٹاگرام پر ڈھونڈ نکالا، حیران کن موڑ سامنے آگیا

بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو 7 سال بعد انسٹاگرام پر ایک ریل میں دیکھ لیا۔ تحقیقات میں سامنے آیا کہ شوہر جان بوجھ کر غائب ہوا تھا اور دوسری شادی کر رکھی تھی۔شادی کے بعد تنازع اور جہیز کا مطالبہ انڈین میڈیا کے مطابق شیلو نامی خاتون کی شادی جتیندر کمار سے ہوئی تھی۔ شادی کے کچھ ہی عرصے بعد تعلقات خراب ہونا شروع ہوگئے کیونکہ سسرال والوں کی جانب سے خاتون سے اضافی جہیز کے ساتھ سونے کی چین اور انگوٹھی کا مطالبہ کیا جانے لگا۔مطالبہ پورا نہ ہونے پر شیلو کو زبردستی گھر سے نکال دیا گیا جس کے بعد وہ میکے چلی گئیں۔ اس واقعے پر شیلو کے اہل خانہ نے پولیس میں مقدمہ درج کروایا۔
شوہر کی گمشدگی کیس کی تحقیقات کے دوران اچانک شیلو کا شوہر لاپتا ہوگیا۔ 2018 میں جتیندر کمار کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی گئی لیکن کئی سالوں تک اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔انسٹاگرام پر چونکا دینے والا انکشاف کئی سال بعد شیلو انسٹاگرام استعمال کر رہی تھیں کہ اچانک ایک ریل میں انہیں اپنے شوہر کو ایک نامعلوم خاتون کے ساتھ دیکھا۔ انہوں نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کی کارروائی تحقیقات کے بعد انکشاف ہوا کہ جتیندر کمار خود ہی جان بوجھ کر غائب ہوا تھا اور دوسری شادی کر رکھی تھی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ اس وقت وہ پولیس حراست میں ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔