جھنگ: ملک کے مختلف علاقوں کی طرح چنیوٹ میں بھی سیلابی صورتحال کے باعث پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے دستے جھنگ، چنیوٹ اور گردونواح میں موجود ہیں۔ جوانوں نے سیلاب میں پھنسے شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔ متاثرین نے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سندھ میں سیلاب کا خطرہ، حکومت متحرککراچی: سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ایمرجنسی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر فلڈ ایمرجنسی کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال کر دیا گیا ہے اور بیراجوں پر پانی کی آمد و اخراج کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ جاری ہے۔محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے، محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کے افسران کنٹرول روم میں موجود ہیں جبکہ اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ بھی براہ راست رابطہ قائم ہے تاکہ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی ہوسکے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق:گڈو بیراج اپ اسٹریم آمد: 3 لاکھ 22 ہزار 819 کیوسک، اخراج: 3 لاکھ 7 ہزار 956 کیوسک سکھر بیراج اپ اسٹریم آمد: 3 لاکھ 3 ہزار 480 کیوسک، اخراج: 2 لاکھ 52 ہزار 110 کیوسک کوٹری بیراج اپ اسٹریم آمد: 2 لاکھ 73 ہزار 844 کیوسک، اخراج: 2 لاکھ 44 ہزار 739 کیوسک صوبائی حکومت کے فوکل پرسن زبیر چنہ کے مطابق سندھ میں 102 کمزور مقامات کی نشاندہی کر کے وہاں مشینری اور ایمرجنسی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔ تریموں ہیڈ ورکس سے پنجند کی جانب پانی کی آمد و اخراج 4 لاکھ 93 ہزار 159 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ سیلابی پانی تیز بہاؤ کے ساتھ گڈو بیراج کی طرف بڑھ رہا ہے اور خدشہ ہے کہ 40 سے 50 فیصد متاثرہ آبادی کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا۔ریلیف اقدامات سندھ حکومت کی جانب سے ریلیف کیمپوں کے لیے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں:📞 021-99222967 📞 021-99222758 سندھ میں 515 ریلیف کیمپ اور 300 لائیو اسٹاک کیمپ قائم کیے گئے ہیں جبکہ 192 سرکاری اور مجموعی طور پر 272 کشتیاں ریسکیو کے لیے فراہم کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں اور ادویات بھی 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام بند محفوظ ہیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کرلی گئی ہے، تاہم پنجند سے آنے والے ہائی فلو کے باعث پانی کے بہاؤ میں مزید تیزی کا امکان ہے۔