بھارتی سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس وکرم ناتھ نے آوارہ کتوں کے بارے میں ایک ایسا انوکھا بیان دے دیا ہے جس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دھوم مچا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس وکرم ناتھ کچھ روز قبل نئی دہلی میں آوارہ کتوں سے متعلق ایک کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ تھے۔ آج ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ:’’میں آوارہ کتوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں پہچان دی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک وہ صرف چھوٹے عدالتی معاملات کے حوالے سے جانے جاتے تھے لیکن آوارہ کتوں سے متعلق کیس نے انہیں سول سوسائٹی اور بین الاقوامی سطح پر مقبول بنا دیا ہے۔
جج صاحب کا کہنا تھا کہ انہیں نہ صرف انسانی سماج بلکہ کتوں کے چاہنے والوں کی طرف سے بھی دعائیں اور نیک تمنائیں موصول ہو رہی ہیں۔ ان کے بقول:
’’انسانوں کی عنایات اپنی جگہ، لیکن اب تو ایسا لگتا ہے کہ کتے بھی مجھے دعائیں دے رہے ہیں۔‘‘ جسٹس وکرم ناتھ نے اپنے بیان میں چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوائی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یہ منفرد کیس انہیں سونپا جس کی وجہ سے ان کے عدالتی پروفائل کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے میں مدد ملی۔