یورپ میں نئی ٹرینڈ: شادی میں شرکت کے لیے ٹکٹس فروخت ہونے لگے

شادی میں بن بلائے مہمانوں کی آمد پر اکثر تنقید کی جاتی ہے، لیکن یورپ میں اب اس رواج نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں شادی شدہ جوڑے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے اجنبی افراد کو باقاعدہ دعوتی ٹکٹس فروخت کر رہے ہیں۔یہ منفرد خیال سب سے پہلے کیٹی لیکارسکی کے ذہن میں اس وقت آیا جب وہ فرانس کے جنوب مشرقی علاقے میں اپنا گھر کرائے پر دے رہی تھیں۔ کرایہ دار شادی میں شرکت کے لیے آئے تھے، تو ان کی پانچ سالہ بیٹی نے معصومانہ سوال کیا:“ہمیں شادیاں دیکھنے کیوں نہیں ملتیں؟“اسی لمحے کیٹی کے ذہن میں یہ آئیڈیا آیا کہ کیوں نہ ایک ایسا پلیٹ فارم بنایا جائے جہاں لوگ اجنبیوں کی شادیوں میں شامل ہو سکیں۔ اس طرح نہ صرف شادی شدہ جوڑوں کے اخراجات پورے ہوں گے بلکہ دلچسپی رکھنے والے افراد کو مختلف کلچرل شادیاں دیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔یوں کیٹی نے Invyton نامی پلیٹ فارم بنایا، جو تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ اب بہت سے جوڑے اپنی شادی کے ٹکٹس اس پلیٹ فارم پر فروخت کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب لوگ سینکڑوں یورو ادا کرنے پر تیار ہیں تاکہ وہ ان شادیوں میں شرکت کر سکیں۔شادی کا ٹکٹ خریدنے والی ایک صارف کا کہنا تھا:“میری فیملی بڑی نہیں ہے اس لیے مجھے زیادہ شادیاں دیکھنے کو نہیں ملتیں۔ یہ موقع ہے کہ میں مختلف رسم و رواج دیکھ سکوں، چاہے وہ اجنبیوں کی شادی ہی کیوں نہ ہو۔ مجھے موسیقی، ڈیکوریشن اور ڈانس فلور بہت پسند ہیں، اس لیے یہ میرے لیے ایک یادگار تجربہ ہوگا۔“دلچسپ بات یہ ہے کہ اکثر جوڑے Invyton ایپ پر اجنبیوں کی پروفائلز دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں کہ کس شادی کا ٹکٹ خریدنا ہے۔