سیئول: جدید ٹیکنالوجی نے سیکیورٹی کے شعبے میں بھی اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ جنوبی کوریا میں ہولوگرافک پولیس کی تعیناتی کے بعد جرائم کی شرح میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سیئول کے ایک پارک میں شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک لائف سائز تھری ڈی ہولوگرام پولیس اہلکار کھڑا رہتا ہے۔ یہ مصنوعی افسر سیاحوں کو پیغام دیتا ہے کہ کسی بھی ہنگامی یا پرتشدد صورتحال میں پولیس فوری ایکشن لے گی اور اس علاقے میں ہر طرف سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی موجود ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ حقیقی پولیس افسر نہ ہونے کے باوجود یہ ہولوگرام شہریوں کو ذہنی اطمینان فراہم کرتا ہے اور بدنظمی کی روک تھام میں مددگار ثابت ہورہا ہے۔ یہ نظام ’’اسمارٹ پولیسنگ‘‘ کی جدید مثال قرار دیا جا رہا ہے۔اس ہولوگرام میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی کیمرا نصب ہے جو شہریوں کو شناخت کرتا ہے اور وقفے وقفے سے اعلانات بھی کرتا ہے، جبکہ اصل پولیس افسران بیک اینڈ پر اس نظام کی مانیٹرنگ کرتے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق جہاں یہ ہولوگرام نصب کیا گیا ہے، وہاں جرائم کی شرح میں 22 فیصد تک کمی آئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس سے نگرانی اور کنٹرول کا سخت احساس پیدا ہوتا ہے، لیکن اس کے مثبت نتائج شہریوں کو زیادہ محفوظ ماحول فراہم کر رہے ہیں۔