غزہ (اگست 2025): غزہ کے علاقے الزیتون میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جن میں کم از کم 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔فلسطینی رہنما اور القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کے ایک مختصر پیغام کے فوراً بعد مزاحمتی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ کارروائی میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 4 لاپتا ہوگئے۔ ابو عبیدہ نے خبردار کیا تھا کہ اسرائیل کا غزہ پر قبضے کا منصوبہ تل ابیب کی سیاسی اور عسکری قیادت کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا اور اس جنگی صورتحال میں فوجیوں کے پکڑے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کی 162 ویں ڈویژن اور 401 ویں بریگیڈ کے دستے نشانہ بنے، جب کہ فلسطینی جنگجوؤں نے نائٹ وژن آلات کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں کو ٹریس کیا اور گھات لگا کر حملے کیے۔ جھڑپ کے دوران اسرائیلی ہیلی کاپٹر پر بھی فائرنگ کی گئی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جھڑپوں کے بعد اسرائیلی جنگی طیارے کم بلندی پر پرواز کرتے ہوئے غزہ کے زیتون اور صبرا محلے کے ساتھ جبالیہ میں بھی شدید گولہ باری کر رہے ہیں۔