پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2025 کے دوران دبئی میں پاکستان اور بھارت کے میچ میں خاصی گرما گرمی دیکھنے کو مل سکتی ہے، تاہم کھلاڑیوں اور شائقین کو چاہیے کہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور کھیل کو کھیل ہی رہنے دیں۔ عالمی شہرت یافتہ سابق آل راؤنڈر نے خبردار کیا کہ بھارت اور پاکستان کا ٹاکرا ہمیشہ ہی دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ نہ کھلاڑی اور نہ ہی شائقین جوش میں ہوش کھو بیٹھیں۔ وسیم اکرم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام اپنی اپنی ٹیموں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، لیکن حب الوطنی کا مطلب یہ نہیں کہ کھیل کو کھیل کے دائرے سے باہر نکالا جائے۔ “اگر بھارتی شائقین اپنی ٹیم کے حق میں پرجوش ہیں تو پاکستانی عوام کو بھی اپنی ٹیم کے لیے یہی حق حاصل ہے، مگر آخرکار یہ صرف ایک کھیل ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں۔” سابق کپتان نے 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول پاک-بھارت میچ کے حوالے سے کہا کہ فی الحال بھارت پاکستان کے مقابلے میں فیورٹ ہے، کیونکہ گرین شرٹس نے حالیہ برسوں میں روایتی حریف کے خلاف تسلسل کے ساتھ کامیابیاں حاصل نہیں کیں۔ تاہم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کے پاس ہمیشہ اچھے مواقع رہتے ہیں انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے 2021 ورلڈ کپ اور 2022 ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دی تھی، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اگر کھلاڑی دباؤ کو مثبت انداز میں سنبھالیں تو کسی بھی بڑے میچ میں شاندار کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔