بھارت کی ریاست اڈیشہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں دوسری جماعت کی 7 سالہ بچی اسکول کے اندر بند ہوگئی اور پوری رات کھڑکی کی ریلنگ میں پھنسی رہی۔اسکول کے اندر رات بھر قید بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، واقعہ جمعرات کو پیش آیا جب بچی معمول کے مطابق اسکول گئی۔ شام تقریباً 4 بجے کلاسز ختم ہونے کے بعد اسکول انتظامیہ نے عمارت کو تالا لگا دیا جبکہ بچی کلاس روم کے اندر ہی رہ گئی۔ جب وہ گھر واپس نہ پہنچی تو والدین اور گاؤں والے پوری رات اسے تلاش کرتے رہے لیکن بچی کا سراغ نہ مل سکا۔ صبح بچی کی تلاش اور خوفناک منظر اگلی صبح تقریباً 9 بجے، اسکول کا باورچی عمارت کھولنے آیا تو بچی کو خوفزدہ اور پریشان حالت میں پایا گیا۔
بچی نے رات کے وقت کھڑکی کی لوہے کی ریلنگ سے نکلنے کی کوشش کی تھی، لیکن جسم باہر نکالنے کے بعد اس کا سر سلاخوں کے درمیان پھنس گیا اور وہ پوری رات اسی اذیت ناک حالت میں جدوجہد کرتی رہی بچی کی بحفاظت رہائی گاؤں کے لوگ اور والدین فوری طور پر اسکول پہنچے۔ اسکول کے باورچی سے چابیاں لے کر کمرہ کھولا گیا اور ریلنگ کو موڑ کر بچی کو نکالا گیا۔ بعدازاں، والد اور ہیڈ ماسٹر بچی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ وہ خطرے سے باہر ہے۔ علاج کے بعد بچی کو گھر منتقل کردیا گیا۔ اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی واقعے کے بعد محکمہ اسکول اینڈ ماس ایجوکیشن نے انچارج ہیڈ ماسٹر کو فوری طور پر معطل کردیا۔ محکمے نے وضاحت کی ہے کہ بچی اب مکمل طور پر صحت مند ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔