کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس میں نیا موڑ آگیا ہے، نوجوان کو قتل کرنے سے پہلے جس کمرے میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس کمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم ارمغان کا ملازم ذوہیب خون کے دھبے صاف کر رہا ہے۔ ذوہیب نے بوتل میں موجود کیمیکل اور برش کی مدد سے فرش پر گرے خون کے نشانات مٹانے کی کوشش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی رات تقریباً ڈیڑھ بجے ہوئی، جب ارمغان نے اپنے ملازم کو خون صاف کرنے کا حکم دیا۔ یہ فوٹیج اب پولیس کے ریکارڈ کا حصہ بنا لی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق، فوٹیج میں موجود ذوہیب نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے مصطفیٰ عامر کا خون صاف کیا۔ تفتیشی ٹیم نے اسے ارمغان کے خلاف اہم گواہ بنا دیا ہے۔ اس سے قبل بھی ارمغان کے لیپ ٹاپ سے مختلف اہم شواہد برآمد ہوئے تھے، جنہیں کیس میں شاملِ تفتیش کیا جا چکا ہے۔