سندھ حکومت نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ ایکسائز کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد اب موٹر سائیکل، کار اور بڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ گاڑی کی نہیں بلکہ مالکان کی ذاتی ملکیت ہوگی۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق نمبر پلیٹ براہِ راست قومی شناختی کارڈ (CNIC) سے منسلک ہوگی۔ اگر کوئی شخص اپنی گاڑی فروخت کرے گا تو پہلا مالک اپنی نمبر پلیٹ اتار لے گا، اور نئی گاڑی خریدنے والا اپنی گاڑی کو اسی پلیٹ پر آن لائن رجسٹرڈ کرائے گا۔ اگر کسی کو نمبر پلیٹ واپس کرنی ہو تو وہ دفتر جا کر اسے منسوخ کرا سکے گا۔ حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے گاڑیوں کی چوری، دہشت گردی اور دیگر جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی، کیونکہ نمبر پلیٹ براہِ راست ایک فرد کی شناخت سے جُڑی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی وفاق اور چاروں صوبوں میں رجسٹرڈ گاڑیوں کا ڈیٹا بھی آپس میں شیئر کر دیا گیا ہے۔