بھارت کی معروف کاروباری شخصیت اور ارب پتی مکیش امبانی کے بھائی، انیل امبانی کے خلاف بینک فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق بھارت کی وفاقی تفتیشی ایجنسی (CBI) نے انیل امبانی کے خلاف بینک فراڈ کے سنگین الزامات پر ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب ملک کے سب سے بڑے بینک، اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI) نے دھوکہ دہی کی شکایت درج کرائی۔ ایس بی آئی کا دعویٰ ہے کہ انیل امبانی کی مبینہ فراڈ اسکیموں کے نتیجے میں بینک کو تقریباً 29 ارب بھارتی روپے کا بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ سی بی آئی کے مطابق، بینک کی شکایت کے بعد اب انیل امبانی سے تحقیقات کی جائیں گی اور الزامات کی مکمل چھان بین ہوگی۔ دوسری جانب، انیل امبانی کے ترجمان نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مقدمے میں اپنا بھرپور قانونی دفاع کریں گے۔