ترک خاتونِ اول کا میلانیا ٹرمپ کو خط، غزہ کے معصوم بچوں کی طرف توجہ دلائی

انقرہ: ترک خاتونِ اول امینہ اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو خط لکھ کر غزہ کے معصوم بچوں کی حالتِ زار پر توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امینہ اردوان نے اپنے خط میں کہا کہ جیسے یوکرین کے بچوں کے حق میں آواز بلند کی گئی، اسی طرح غزہ کے بے سہارا اور مظلوم بچوں کے لیے بھی عالمی برادری کو کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے کو محفوظ خاندان میں پرورش پانے کا حق ہے، یہ حق نہ کسی مذہب، نہ علاقے اور نہ ہی کسی نظریے سے مشروط ہے۔ ظلم کا شکار بچوں کی حمایت کرنا پوری انسانیت کی ذمہ داری ہے۔ امینہ اردوان نے اپنے خط میں اس دردناک حقیقت کا ذکر کیا کہ غزہ میں ہزاروں بچوں کے کفن پر ’’نامعلوم بچہ‘‘ لکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا: “غزہ بچوں کا قبرستان بن چکا ہے، یہ مناظر ہمارے اجتماعی ضمیر کو زخمی کرتے ہیں۔” ترک خاتونِ اول نے مزید کہا کہ یوکرین کے بچوں کے لیے میلانیا ٹرمپ کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں اور امید ہے کہ وہ غزہ کے بچوں کے لیے بھی اسی حساسیت اور انسانیت کا مظاہرہ کریں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ میلانیا ٹرمپ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کو خط لکھ کر غزہ میں جاری مظالم کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔