مری: زندگی کے امتحان میں کامیابی انہی لوگوں کا مقدر بنتی ہے جو مشکلات کے سامنے ہار نہ مانیں۔ مری کا ایک باہمت نوجوان اس حقیقت کی زندہ مثال ہے۔ تفصیلات کے مطابق مری کے رہائشی کامران عباسی نے دس سال قبل بجلی کا کرنٹ لگنے کے باعث اپنے دونوں بازو کھو دیے تھے، لیکن معذوری کے باوجود اس نے ہمت نہ ہاری۔ کامران نہ صرف اپنے تمام کام خود کرتا ہے بلکہ اپنی ضعیف والدہ کا سہارا بھی بنا ہوا ہے ارسلان ایاز کی رپورٹ کے مطابق کامران جنگل سے لکڑیاں لاتا ہے، مرغیوں کو دانہ ڈالتا ہے، پودوں کو پانی دیتا ہے اور اپنے کپڑے بھی خود استری کرتا ہے۔ تاہم ہاتھوں سے محروم ہونے کی وجہ سے وہ ملازمت حاصل نہ کرسکا اور غربت کا شکار ہے۔ اس کی والدہ نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ: “میرا بیٹا بہت ہمت والا ہے، میں چاہتی ہوں کہ اسے مصنوعی ہاتھ لگ جائیں اور کوئی روزگار مل جائے تاکہ یہ باقی زندگی عزت اور سکون سے گزار سکے۔”یہ باہمت نوجوان اُن لاکھوں افراد کے لیے مثال ہے جو مشکلات کو قسمت کا لکھا سمجھ کر ہمت ہار جاتے ہیں۔