کراچی: سی ٹی ڈی نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کردیا

کراچی: (اسٹاف رپورٹ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے وفاقی حساس اداروں کے تعاون سے شہر قائد میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا ایک منظم نیٹ ورک پکڑ لیا اور اس سے جڑے اہم کرداروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 18 مئی کو بدین کے علاقے ماتلی میں سماجی کارکن عبدالرحمان کے قتل میں براہِ راست ’را‘ ملوث پائی گئی۔ عبدالرحمان مقامی سطح پر فلاحی کاموں کے باعث جانے جاتے تھے، ان پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین ملزمان کو دیکھا گیا۔ واردات کے فوراً بعد بھارتی میڈیا نے جھوٹا پروپیگنڈا کیا کہ پاکستان میں بھارت مخالف شخص کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ماسٹر مائنڈ کا انکشاف تحقیقات کے دوران یہ سامنے آیا کہ قتل کی سازش کا ماسٹر مائنڈ خلیجی ریاست میں موجود ’را‘ کا ایجنٹ سنجے کمار عرف فوجی تھا۔ اس نے بھاری رقم کے عوض شیخوپورہ کے رہائشی سلمان کو ہائر کیا، جو کراچی ایئرپورٹ کے راستے پاکستان آیا اور حیدرآباد کے ایک ہوٹل میں ٹھہرا۔ سلمان کے چار ساتھی مریدکے اور شیخوپورہ سے آ کر اس کے ساتھ مل گئے۔ پانچ دن تک انہوں نے ماتلی میں ریکی کرنے کے بعد عبدالرحمان کو نشانہ بنایا۔ “را” کا اصل چہرہایڈیشنل آئی جی آزاد خان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی پاکستان میں انتشار پھیلانے اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستانی شہریوں کے قتل میں ’را‘ کے ملوث ہونے کا معاملہ ہر فورم پر اٹھایا جائے گا۔