ملک بھر میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا نیا الرٹ جاری

اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 23 سے 30 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر نیا الرٹ جاری کردیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان میں بارش برسانے والے تین نئے موسمی سلسلے داخل ہو رہے ہیں، جن کے باعث اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا اور پنجاب سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔ شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشیں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ سندھ کے ساحلی اضلاع کراچی، ٹھٹہ، سجاول اور بدین میں 27 تا 30 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے لسبیلہ، خضدار، گوادر اور تربت سمیت مختلف اضلاع میں بھی طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔