،فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد خطے میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت دیکھنا اور سول و عسکری اداروں کے درمیان تعاون و ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران جنرل عاصم منیر کو سکیورٹی امور، خطے کو درپیش خطرات اور فتنہ الہند کے خلاف کامیاب آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ ترقیاتی منصوبے کس طرح آگے بڑھ رہے ہیں اور حکومت و فوج کی مشترکہ کاوشوں سے جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی حالات کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔سول انتظامیہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سپہ سالار نے کہا کہ اچھی حکمرانی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوامی شمولیت پر مبنی پالیسیاں ہی بلوچستان کے مستقبل کے لیے ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور خطے میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ بعدازاں فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور مادرِ وطن کے دفاع میں غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود جی جوانوں نے خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔