سناجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل وہ واحد ملک ہے جو عالمی ایٹمی ضوابط سے مکمل طور پر آزاد ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیل ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی کا فریق بھی نہیں ہے اور نہ ہی کسی دوسرے بین الاقوامی معاہدے کا پابند ہے۔ اپنے پیغام میں خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا جوہری پروگرام مکمل طور پر بغیر نگرانی اور غیر ذمہ دارانہ ہے جو عالمی امن کیلئے ایک خطرناک صورتحال ہے۔ پاکستان سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے جو عالمی ایٹمی قواعد و ضوابط اور عدم پھیلاؤ کے اصولوں کی مکمل پاسداری کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جوہری پروگرام محض اپنے دفاع اور عوام کی حفاظت کے لیے ہے، پاکستان کا رویہ ہمیشہ دفاعی اور غیر توسیع پسند رہا ہے۔ وزیردفاع نے کہا کہ اسرائیل اس وقت جارحانہ اور تسلط پسندانہ رویہ اختیار کر رہا ہے اور ایک باغی ریاست کے طور پر دنیا میں اپنی شناخت کو مزید واضح کررہا ہے۔ خواجہ آصف کے مطابق اسرائیل کیلئے اندھی مغربی حمایت خطے اور عالمی امن کو بڑے خطرے سے دوچار کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اسرائیل کے پیدا کردہ تنازعات پر سنجیدگی سے توجہ دے، اسرائیل کے پیدا کردہ تنازعات پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتے ہیں۔
