ایف آئی اے کی لاہور میں کارروائی، 2 انسانی اسمگلر گرفتار

 ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور اور قصور میں ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے، جس کے نتیجے میں دو ملزمان زاہد مصطفیٰ اور امجد بھٹی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق مطلوب مفرور ملزم زاہد مصطفیٰ کو کینیڈا کی جعلی نوکری کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 3.99 ملین روپے غبن کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم 2024 سے فرار تھا، جس کے خلاف لاہور کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل میں مقدمہ درج ہے۔ جبکہ امجد بھٹی نے جعلی روزگار سکیم چلائی، متعدد شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کے جعلی وعدوں سے دھوکہ دیا۔ چھاپے کے دوران اہلکاروں نے ان کے قبضے سے متعدد پاکستانی پاسپورٹ اور جعلی ہسپانوی پاسپورٹ برآمد کر لیے۔ ان میں سے کوئی بھی ان دستاویزات کی درست وضاحت فراہم نہیں کرسکا۔ تفتیش کے دوران دونوں ملزمان انکشاف کیا کہ انہوں نے شہریوں سے غیر قانونی طور پر پاسپورٹ حاصل کیے تھے تاہم لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے میں ناکام رہے، بڑی رقم لینے کے بعد وہ حکام سے بچنے کے لیے روپوش ہو گئے۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی لاہور زون کے ڈائریکٹر نے تصدیق کی کہ انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، متاثرین کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔ انسانی سمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔