سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب لائن پر آگئی، ہر مسئلے کا حل مذاکرات میں ہی ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کل اپوزیشن کے ساتھ اچھے ماحول میں بات ہوئی،سراہنا چاہیے، پیپلز پارٹی پہلے دن سے کہہ رہی ہے ہر مسئلے کا حل ڈائیلاگ سے ہوتا ہے، پی ٹی آئی پہلے کہتی تھی اس سے نہیں دوسرے سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اب لائن پر آگئی ہے، پی ٹی آئی کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،دیر آئے درست آئے، جو 9مئی واقعات میں شریک جرم رہے وہ غلطی کا خمیازہ بھگتیں، یہ نہیں ہوسکتا کسی ایک شخص کو گرفتار کرلیا جائے تو آپ ملک کو آگ لگانے کی کوشش کریں۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر ہاؤس،جی ایچ کیو اوردیگر جگہوں پر گھسیں گے تو وہاں کی فورس الگ ہوتی ہے، جی ایچ کیو ،کورکمانڈر ہاؤس میں ملٹری پولیس ہوتی ہے، اگر ریاستی ادارے کی تنصیبات کی توڑ پھوڑ کریں گے تو کیس ان کی ہی عدالت میں چلے گا، کوئی میرے گھر میں توڑ پھوڑ کرے گا تو میرا قانون ہی چلے گا ۔ پی پی رہنما نے کہا کہ نہیں چاہتے کہ سیاستدانوں کے کیسز ملٹری کورٹس میں چلیں، کسی مجرم نے دہشتگردی کی ہے اوراسی زمرے میں آتی ہے تو کیس ملٹری کورٹ میں ہی چلے گا۔
16