8

تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا، بیرسٹر سیف

 خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج عوام حکمرانوں کے ظلم وستم کے خلاف بھرپور احتجاج کر رہے ہیں۔ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ حکمران ملک کو ہر طرح کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔ جعلی حکمران عدلیہ کی آزادی پر شب خون مارنے جا رہے ہیں اور آئینی ترامیم کی منظوری کیلیے پارلیمان میں ہر قسم کا دباؤ استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو دبانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا لیکن کامیاب نہیں ہوئی تو اب ریاستی جبر کے بعد آئینی ترامیم سے پی ٹی آئی کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ پیپلز پارٹی ن لیگ کے ساتھ مل کر بھٹو کے نظریے کے خلاف جا رہی ہے۔ مشیر کے پی حکومت نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اپنے قائد کی ناحق قید کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ آزاد عدلیہ ہی ظلم وبربریت کے خلاف مؤثر رکاوٹ بن سکتی ہے۔ وکلا برادری سے اپیل ہے کہ عدلیہ کے دفاع میں اپنا کردار ادا کرے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے بعد نماز جمعہ ہر شہر اور ضلع میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی اور طلبہ کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت نے آج صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے جب کہ کراچی میں بھی دو روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں