سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے اس قومی ادارے کی نجکاری کا اونٹ کس روز کس کروٹ بیٹھے گا؟ اس بات کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت ہی کرے گی۔ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پروگرام کے میزبان عبدالمالک کے سوال کیا کہ پی آئی اے کی نیلامی میں تاخیر کیوں ہورہی ہے؟ کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ قومی ادارے کی خریداری کیلئے جن لوگوں نے کاغذات لیے ہوئے ہیں صرف وہی لوگ نیلامی کے عمل میں شریک ہوسکتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک کے سوا تمام خریداروں نے مزید وقت مانگا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ٹرانزیکشن ایڈوائزرز نے حکومت سے رجوع کرکے اس کی تاریخ بڑھانے کا مطالبہ کیا اور امید ہے اس بار یہ مسئلہ حل کرلیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نجکاری کمیشن کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بڈنگ کی تاریخ میں توسیع کر کے 31 اکتوبر کر دی گئی ہے جبکہ معاہدے کے مسودے پر دستخط کی نئی تاریخ 25 اکتوبر مقرر ہے۔ کمیشن کے مطابق نیلامی کیلئے پیشگی رقم 28 اکتوبر تک جمع کرائی جاسکتی ہے، اس سے قبل یہ پیشگی رقم 27 ستمبر تک جمع کروانی تھی۔
15