17

ہ اڈیالہ جیل کے قیدی کو این آر او جلسوں سے نہیں ملے گا، رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری

رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کو این آر او جلسوں سے نہیں ملے گا بلکہ اپنے کرتوتوں اور کاموں کی سزا ملے گی۔طلال چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی والے ایک عرصے سے جلسے جلسے کا راگ الاپ رہے ہیں، پی ٹی آئی کئی گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے، اس پر قبضہ کرنے کیلیے ہر گروپ ہاتھ پاؤں مار رہا ہے، یہ جلسہ کرنے سے زیادہ ڈرامے بازی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے رنگ بازی اور شعبدہ بازی کرنا چاہتے ہیں، یہ دن رات رنگ برنگی بڑھکیں مارتے ہیں، جلسہ ضرور کریں لیکن آئین و قانون کے دائرے سے باہر نہ نکلیں، انتظامیہ پرامن جلسے کیلیے پوری مدد فراہم کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ جلسے کے دوران قانون کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق نمٹا جائے گا، ماضی میں اسلام آباد کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی، اسلام آباد میں جلسوں اور دھرنوں کے دوران کاروبار زندگی کو مفلوج کیا گیا۔طلال چوہدری نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنی 6 ماہ کی کارکردگی تو عوام کو بتائے، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور بتائیں 6 ماہ کی حکومت میں عوام کو کیا سہولتیں دیں؟ عوام کے پیسوں سے کرینیں لا کر اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دیں گے، بتائیں 13 سالہ حکومت میں صوبے میں کیا کیا؟(ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جواب دیں خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بدامنی کیوں ہے؟ جلسے میں بڑھکیں مار کر آپ اپنی ناقص کارکردگی نہیں چھپا سکتے، 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، معیشت کی بات ہو تو آئی ایم ایف کو خط لکھ کر معیشت گرانا چاہتے ہیں، سیدھی بات کریں پاکستان میں جلسہ جلوس کیوں کھیلنا چاہتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ آپ کی سیاست صرف اڈیالہ کے مجرم کے گرد گھومتی ہے، 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ جیسے قریب آتا ہے تو آپ کو جلسہ جلوس یاد آ جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں