29

گرفتاریوں، چھاپوں اور مقدمات کیخلاف پی ٹی آئی کی آج بھی پارلیمنٹ کے سامنے بھوک ہڑتال،اتحادی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا بھوک ہڑتالی کیمپ آج بھی لگایا گیا ہے جس میں پارٹی کے سینئر رہنما موجود ہیں۔ تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر آج بھی 4 گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال کریں گے، تحریک انصاف نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں اپوزیشن اتحادی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے تحریک انصاف کا بھوک ہڑتالی کیمپ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سینٹر کے ساتھ لگایا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز اور اسد قیصر سمیت تمام ارکان بھوک ہڑتال کریں گے بھوک ہڑتالی کیمپ میں پخنتوخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما راجا ناصر عباس بھی ساتھ بیٹھیں گے۔ ہڑتالی کیمپ میں حکومتی چھاپوں، انتقامی کارروائیوں، مہنگائی کے خاتمے کی مذمت کی جائے گی اور اسیران کی رہائی کا مطالبہ کیا جائےگا واضح رہے کہ گزشت روز بھی پی ٹی آئی نے بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا تھا جس میں چیئرمین بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سمیت دیگر سینئر رہنما موجود تھے۔ گرفتاریوں، چھاپوں اور مقدمات کے خلاف پی ٹی آئی کے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر کے علاوہ علی محمد خان، شیخ وقاص اکرم، سینیٹر ہمایوں مہمند اور فلک ناز چترالی بھی موجود تھے۔ سہ پہر 3 بجے سے لگایا گیا بھوک ہڑتالی کیمپ روزانہ شام 7 بجے تک جاری رہا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں