30

لاہور سمیت مختلف شہروں میں تیز برسات ، گرمی کی شدت میں کمی، موسم دلفریب ہو گیا

لاہور سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں باران رحمت سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ لاہور اور گردونواح کے علاقوں میں گھنے سیاہ بادل آ گئے، صوبائی دارالحکومت میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، مال روڈ، جیل روڈ، اور شادمان کے علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار کر دیا، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھےشہر میں بارش کے بعد ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ واسا مشینری کو فعال رکھیں، ایل ڈبلیو ایم سی بارش کے بعد صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں، نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز میں بارشی پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے، شہری درختوں اور دیواروں کے نیچے سے ہو کر نہ گزریں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں لاہور شہر میں مختلف مقامات پر ہلکی بارش کے باعث وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد نے بھی ہدایات جاری کر دیں۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کی ہدایات کے مطابق تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں، تمام جنریٹرز کو سٹینڈ بائی اور فعال رکھا جائے، تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھنے کی ہدایات بھی کی گئی ہیں ادھر حافظ آباد میں بھی تیز بارش نے موسم خوشگوار کر دیا، بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ہوئی اور گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ دوسری جانب پشاور میں بھی بادل برسنے سے پارہ نیچے آ گیا ہے جبکہ سندھ میں گرمی کا راج برقرار ہے، دادو میں پارہ 47، موہنجو دڑو میں46 ، سکھر میں44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں