30

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ماؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ مدرز ڈے یعنی ماؤں کا عالمی دن دنیا بھر کے مختلف ممالک میں ہر برس مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے، یہ دن دنیا کی تمام ماؤں کے لیے وقف کیا گیا۔ ویسے تو ماؤں کی قربانیوں کو جتنا سراہا جائے اتنا کم ہے، مائیں اپنے بچوں کے لیے سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہوتی ہیں، وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال دل و جان سے کرتی ہیں،ماؤں کا اپنے بچوں سے پیار لازوال ہوتا ہے انہی قربانیوں کو یاد رکھنے کےلیے آج 12 مئی کو ماؤں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، لیکن اس دن کی کیا تاریخ ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔ مدرز ڈے پہلی بار 1908 میں منایا گیا جب اینا جارویس نامی خاتون نے 1905 میں اپنی والدہ کے انتقال کے بعد مغربی ورجینیا کے شہر گرافٹن میں سینٹ اینڈریو میتھوڈسٹ چرچ میں اپنی والدہ کے لیے ایک یادگاری تقریب منعقد کی وہ چاہتی تھیں کہ والدہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس دن کو ایک مقدس دن کے طور پر سمجھا اور منایا جائے۔ اینا ہاروس کی کوششوں کے نتیجے میں 8 مئی 1914 کو امریکا کے اس وقت کے صدر ووڈرو ولسن نے مئی کے دوسرے اتوار کو سرکاری طورپر ماؤں کا دن قرار دیا اور پھر گزرتے وقت کے ساتھ دیگر ممالک نے بھی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اس دن کو منانے کا اعلان کیا مدرز ڈے کا کوئی ایک دن یا تاریخ مقرر نہیں ہے، درجنوں ممالک اس دن کو دوسرے مہینوں میں بھی مناتے ہیں، یہ دن جنوری، فروری اپریل اور مئی سمیت کچھ ممالک میں دسمبر میں بھی منایا جاتا ہے تاہم زیادہ ممالک میں اس دن کو مئی کے دوسرے اتوار کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو کسی عالمی ادارے کے تحت نہیں منایا جاتا بلکہ تمام ممالک کی حکومتوں نے اس دن کو منانے کا اعلان کیا جب کہ عالمی فلاحی تنظیموں سمیت تمام ممالک کی مقامی مذہبی و فلاحی تنظیموں نے بھی اس دن کو منانے کی حمایت کی عالمی طور پر منائے جانے والے دنوں میں سے یہ واحد دن ہے جو سال کے 12 میں سے تقریبا 8 مہینوں میں مختلف دنوں میں دنیا کے مختلف ممالک اور خطوں میں منایا جاتا ہے، عام طور پر کسی بھی عالمی دن کو دنیا بھر میں ایک ہی دن منایا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں