68

صدر مملکت اور وزیراعظم کی کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارک باد

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار اپنے مذہبی عقائد کے مطابق منا رہی ہے اس موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں کرسمس کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مسیحی برادری کے نام پیغام میں انہیں مبارک باد پیش کی ہے صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت، ہمدردی اور امن کی تعلیمات ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں صدر نے کہا کہ ہماری مسیحی برادری نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ مذاہب اور ثقافتوں کا تنوع پاکستان کیلیے باعث استحکام ہے اور ہم ملک میں امن ،رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلیے مسیحی برادری کی قابل ستائش خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کو مکمل طور پر تسلیم اور ان کا تحفظ کرتا ہے۔ پاکستان کے دستور میں بھی اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ حکومت پاکستان تمام شہریوں کو ان کے رنگ، طبقے اور مسلک سے بالاتر ہو کر یکساں موقع فراہم کرتی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ ریاست کے تمام ادارے اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتے ہیں اور ہم سب مل کر اپنی عظیم قوم کیلیے ایک روشن اور زیادہ ہم آہنگ مستقبل کیلیے کام کر سکتے ہیں نگراں وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس محبت، اخوت، برداشت اور ایثار کا نام ہے۔ گزشتہ کچھ برسوں میں عالمی سطح پر مذہبی عدم برداشت کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ کی صورتحال کا سامنا رہا تاہم موجودہ دور میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے انسانی ہمدردی، محبت اور رواداری کے پیغام پر عمل کی ضرورت ہے۔ کرسمس کے موقع پر ہم سب مل پاکستان کو مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنانے کا عہد کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں