اسلام آباد : نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کا نگران حکومت سے کوئی تعلق نہیں , نواز شریف صاحب پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینا نگران حکومت کا کام نہیں، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، حلف اٹھانے کے بعد مسلسل الیکشن کمیشن سے رابطہ ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی جس تاریخ اعلان کرے گا، اس پر انتخابات ہوں گے مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ الیکشن کے ماحول میں کسی بھی جماعت اور اس کی قیادت کو کسی اہم مسئلے پر اپنا موقف دینے کی آزادی ہے، ملک میں میڈیا بھی آزاد ہے، عدالتیں بھی آزاد ہیں اور تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع حاصل ہیں، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع کی فراہمی یقینی بنائیں گے پی ٹی آئی کے حوالے سے نگراں وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے برابر کے حقوق ہیں، پی ٹی آئی پر کسی قسم کی پابندی نہیں اداروں کی نجکاری سے متعلق انھوں نے بتایا کہ نجکاری نگران حکومت نے شروع نہیں کی، پچھلی پارلیمان اور اس کی منتخب حکومت نے نجکاری کا فیصلہ کیا، ہم پچھلی پارلیمان اور پچھلی حکومت کے فیصلوں پر عمل درآمد کے پابند ہیں غیر قانونی مقیم افراد کی ملک بدری کے حوالے سے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ملک کے اندر غیر قانونی طور پر مقیم افراد 31 اکتوبر تک رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ دیں، 31 اکتوبر کے بعد ایسے غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کو جبری ملک بدر کیا جائے گا، ہمارا مقصد اپنی ریاست اور اپنے شہریوں کا دفاع کرنا ہے،ہماری بنیادی ذمہ داری اپنے شہریوں اور اپنی قومی سرحدوں کا دفاع کرنا ہے نواز شریف کی واپسی کے سوال پر نگراں وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی واپسی کا نگران حکومت سے کوئی تعلق نہیں، نواز شریف صاحب پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت کے رہنما ہیں، وہ غیر قانونی طور پر اس ملک سے بھاگ کر نہیں گئے تھے۔
71