صوبہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں دھماکے میں ہر شہید کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے مستونگ میں دھماکے میں ہر شہید کے لواحقین کیلئے 15 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، شدید زخمی کو 5 لاکھ روپے اور معمولی زخمی کو 2 لاکھ روپے دیں گے انہوں نے کہا کہ مستونگ واقعے پر تحقیقات جاری ہیں مگر شیئر نہیں کی جاسکتیں، مستونگ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کا تہیہ کیا ہے، اب ہم یہ انتظار نہیں کریں گے کہ دہشت گرد آکر حملہ کریں، اب ہم دہشت گردوں کے پیچھے جائیں گے، پاکستان کی عوام اور فورسز کے تعاون سے دہشتگردی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، بلوچستان کا مستقبل روشن و خوشحال دیکھ رہا ہوں قبل ازیں نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی سالانہ تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان انجینئرنگ کونسل کی سالانہ میٹنگ کا کوئٹہ میں انعقاد خوش آئند اقدام ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان سے ملک کا مستقبل وابستہ ہے, ہمارے طلباء و طالبات میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے، بلوچستان میں کسی قسم کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، بلوچستان سے دہشت گردوں کا صفایا ضرور ممکن بنایا جائے گا، کسی کو بلوچستان کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
79