نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اسے کمزور کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی ADN نیوز کے مطابق نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر کیلیے رحمت کا دن ہے، جب رحمت عالمیان اس دنیا میں تشریف لائے۔ اسلام میں ریاست کا تصور حضور پاکﷺ کا دیا ہوا تحفہ ہے، انسانی کردار ہی معاشرے کو بہترین بناتا ہے سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمارا بنیادی مسئلہ بدعنوانی ہے، جس نے ہمارے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے اور اس کا خاتمہ ضروری ہے۔ نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل سے ہی ترقی ممکن ہے، ہمیں اسلامی روایات کے مطابق تجارتی اصول وضع کرنا ہوں گے۔ موجودہ دور میں علمائے کرام کا کردار بہت اہم ہے۔ وہ معاشرے میں نبی کریم ﷺ کی سیرت و کردار کو عام کریں نگراں وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اسے کمزور کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ماضی میں مذہب کے نام پر شدت پسندی کے ذریعے ملک کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی لیکن پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
63