ہنگو میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ تھانہ دوآبہ کی حدود میں پولیس نے مقامی پہاڑی علاقے میں آپریشن کر کے کالعدم تنظیم کے کمانڈرسمیت 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آصف بہادر نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کمانڈر حافظ دولت اللہ گروپ سے ہے اور ان کے قبضے سے 4 ریمورٹ کنٹرول بارودی مواد،چار ہینڈ گرنیڈ،4 آر پی جی سیون،ایک ڈینگر بور،250 کارتوس شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آصف بہادر نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد ہنگو میں بھی دہشت گردی کی منصوبہ کر رہے تھے۔ ڈی پی او آصف بہادر کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے افغانستان کی سمیں اور وہاں کے موبائل فون کارڈز بھی برآمد کیے گئے ہیں اور وہ خیبر پختون خواہ میں بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم میں مطلوب تھے، اور ان کا تعلق ہنگو اور قبائلی ضلع کرم سے ہے۔واضح رہے کہ آج سے چند روز قبل پنجاب کے مختلف شہروں سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 7 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔ دہشت گردوں کو راول پنڈی، ساہی وال، بہاول پور اور گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم القاعدہ اور ٹی ٹی پی سے ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹو نیٹر، موبائل فون، اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ دہشت گردوں کی شناحت ابرار الحق، عبدالرحمٰن، عمیر، عمران، اشفاق، ایوب اور معاویہ کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔
113