81

ریڈ لائن کی بات کرنے والے آج ائیر لائن میں بیٹھے ہیں،فیصل کریم کنڈی کی تنقید

فیصل کریم کنڈی نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڈ لائن کی بات کرنے والے آج ائیر لائن میں بیٹھے ہیں،علیم خان بتائیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات کس نے کی؟۔ تفصیلات کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے تنقیدی توپوں کا رخ استحکام پاکستان پارٹی کی طرف موڑ دیا اے آر وائے نیوز کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں وہ لوگ شامل ہیں جو پہلے ریڈ لائن والے تھے،استحکام پاکستان پارٹی کا منشور کیا ہے؟ یہ پارٹی کس ایجنڈے پر آئی ہے؟۔ انکا کہنا تھا کہ پارٹیاں تو بن جاتی ہیں،عوام میں جانے کیلئے جلسے تو کریں،استحکام پاکستان پارٹی میں شامل کچھ پی ٹی آئی حکومت کے ترجمان رہ جا چکے ہیں معاون خصوصی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا پیپلز پارٹی نے علیم خان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات کی؟پیپلز پارٹی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان نے ایک انٹر ویو میں کہا تھا کہ آئندہ انتخابات میں اکثریت حاصل کریں گے اور جہانگیر ترین وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے،کسی جماعت سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہو گی انہوں نے عندیہ دیا کہ چوہدری سرور استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں، عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال چند روز میں مستعفی ہو جائیں گے۔ علیم خان نے مزید کہا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کیلئے آئی پی پی میں کوئی جگہ نہیں،الیکشن کے بعد آنےوالی حکومت ملک کو خوبصورت پاکستان کی طرف لیکرجائے گی۔ آنےوالا الیکشن ملک کے مستقبل کیلئے اہم ہے،الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں۔ انکا کہنا تھا کہ ہم تحریک انصاف کی بی ٹیم نہیں ہیں،ہم تحریک انصاف کے مقابلے پر آئے ہیں اور ان سے جدا ہیں،9 مئی کے بعد نئی پارٹی بننے کی ضرورت تھی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں