41

بجٹ آنے والی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کا ایجنڈا ہے، شیخ رشید احمد

راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ آنے والی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنے کا ایجنڈا ہے، نئی حکومت کیلئے معاشی گڑھا کھود کر جانے کا پروگرام ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے ناکامی کا اعتراف تو کیا لیکن آنے والی حکومت کیلئے بارودی سرنگیں بچھا دیں، شہبازشریف نے ایک گھنٹہ آئی ایم ایف کے ہیڈ سے بات کی اور نتیجہ صفر نکلا، سعودی عرب اور یو اے ای کی امداد بھی خلا میں لٹک رہی ہے، اس صورتحال میں 14 کھرب کا بجٹ 7 کھرب کا خسارہ کہاں سے پورا ہوگا؟ جب کارخانے نہیں چلیں گے تو محصولات کہاں سے وصول ہوں گے؟۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ چہرے اور پارٹیاں بدلنے والوں نے عدت کے دن بھی پورے نہیں کیے، قبر ایک اور بندے تین ہیں، لوٹنے اور پھوٹنے والے سیاسی کفن پہننے کیلئے تیار رہیں، پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے آنے والے ہیں، ڈان لیکس، میموگیٹ، پاناما پیپرز ان کے حقیقی اثاثے ہیں، یہ الیکشن میں کسی کو منہ دیکھانے کے قابل نہیں رہے، جو جال کسی کے لیےبُنا تھا اس میں خود پھنس گئے، نااہل کواہل بنانا بعدکی بات ہے پہلے مجرم بھگوڑے کو پاکستان لائیں، انہیں اندازہ نہیں ان کےساتھ کیا ہونے جارہا ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ آٹا گھی چینی بجلی گیس زرداری شریف فضل الرحمان خاندان کا مسئلہ نہیں یہ غریب کا مسئلہ ہے، غریب کے پنکھے پر بھی 2000 ٹیکس لگ گیا ہے، 10 کروڑ آدمی غربت کی لکیر سے نیچے آگئے ہیں، شفاف الیکشن ہوں گے تو اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا اور ایکسپورٹ بڑھے گی، اگر الیکشن میں کسی نے جھرلو پھیرا تو عوام مرلو پھیر دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں