44

ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن تباہی کے دہانے سے ہٹ گئے ہیں، وزیراعظم

لاہور : وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن تباہی کے دہانے سے ہٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم کر کے عمران خان نے ہمیشہ چاہا کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ معیشت اور جس طرح کے حالات اس کو چلانے کیلئے چاہئیے ہوتے ہیں کے بارے میں عمران نیازی کی سمجھ بوجھ کافی محدود ہے.اور ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لانے میں اپنے کلیدی کردار کو بھی وہ بڑی آسانی سے بھول جاتے ہیں.آئی ایم ایف کی ڈیل کو توڑ کر پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کی انکی خواہش ڈھکی چھپی نہیں. ان کی نا رکنے والی مزاحمت کی سیاست، لانگ مارچ اور دھرنوں سے ملک میں سیاسی بحران پیدا کرکے ملکی معیشت پر منفی اثرات ان کوششوں کے علاوہ ہے.حتہ کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی اس طرح کی بے یقینی کی صورتحال جسے عمران نیازی نے دانستہ طور پر پیدا کیا، میں اپنا سرمایہ لگانے سے گریز کریں گے. صرف 9 مئی کے واقعات ہی نے معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے اور یہ ان کے ناپاک عزائم کا کھلم کھلا ثبوت ہیں. اور ابھی ان کے بے تحاشہ کرپشن کے کیسز کی لمبی داستان بھی ہے. اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہمیں ابھی بھی معاشی مشکلات کا سامنا ہے مگر ہم الحمدللہ بحرانی کیفیت سے نکل چکے ہیں.ان معاشی مشکلات پر قابو پانے کیلئے سنجیدگی سے حکومت ٹھوس معاشی منصوبہ بندی اور پالیسی سطح پر مداخلت سے اقدامات کئے جا رہے ہیں. ہم دوست اور شراکت دار ممالک سے مل کر جہاں جہاں ضرورت ہے وہاں مالی خلاء کو پورا کر رہے ہیں. درآمدات کو کم کرنا اور افراط زر میں کمی اصل چیلنجز ہیں جن سے اسی وقت ہی صحیح معنوں میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے جب ہم برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداوار میں اضافے کو معیشت ٹھیک کرنے کے بنیادی عناصر بنائیں گے اور ہماری تمام تر کوششیں و توانائیاں اس ہدف کے حصول میں کاربند ہیں.دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صحافی کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) معاہدے کے حوالے سے حکومتی ناکامی کے سوال پر ناگواری کا اظہار کر دیا۔صحافی نے وزیر خزانہ سے سوال کیا کہ کیا آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہونا آپ کی ناکامی ہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ کیا پاکستان ڈیفالٹ ہوگیا ہے، پاکستان نے ہر انٹرنیشنل پیمنٹ کی ہے۔ صحافی نے پوچھا کہ آپ کو پہلی بار مشکل معاشی حالات ملے اور آپ معیشت سنبھال نہیں پارہے، جس پر اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ آپ نے جو فیصلہ دینا ہے دے دیں، میں بعد میں دیکھ لوں گا۔ بعد ازاں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نئے بجٹ، آئی ایم ایف سے متعلق اور مفتاح اسماعیل کے بیان کے حوالے سے سوالوں کا جواب دینے سے گریز کیا اور گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں