39

سائفر لہرانے والے گڑ گڑا رہے ہیں،معافیاں مانگی جا رہی ہیں،مصدق ملک

کراچی ؛ مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سائفر لہرانے والے گِڑ گڑا رہے ہیں،معافیاں مانگ رہے ہیں۔جلد 10 ارب ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری پاکستان میں ہونے جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریفائنری پالیسی بنا لی ہے وزیراعظم سے منظوری کرائیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف جلد 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔پیٹرول کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے روس سے 20 فیصد تیل خریدا ہے۔بجٹ ابھی تیار نہیں ہوا اس لیے پیٹرولیم لیوی کا ہدف کتنا رکھا گیا ہے فی الحال نہیں بتا سکتا،روس سے تیل لیکر جہاز بہت جلد پاکستان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا بھر سے آئل ریفائنری سیکٹر میں سرمایہ کاری کی جائے گی،پاکستان روس کے بعد ایران کے ساتھ بھی گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کا خواہش مند ہے۔ملک میں اب ریفائنری پالیسی کے ذریعے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی،حکومت کاغذی باتیں نہیں عمل کر کے ثابت کر رہی ہے۔ مصدق ملک نے پی ٹی آئی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سائفر لہرانے والے گڑگڑا رہے ہیں معافیاں مانگ رہے ہیں،سائفر لہرا کر ملکی تقدس کو پامال کیا گیا۔ریاستی تنصیبات کو نقصان پہنچانا اور آگ لگانا کسی صورت برداشت نہیں۔قبل ازیں وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ روس سے پاکستان کیلئے پہلا کارگو جہاز 27 سے 28 مئی تک عمان پہنچنے کا امکان ہے، جہاں سے چھوٹے جہازوں کے ذریعے تیل پاکستان لایا جائے گا کیوں کہ پاکستان کی کسی بھی بندرگاہ پر 50 ہزار ٹن سے زائد کا شپ نہیں لگ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے روس سے آنے والے کارگو میں ایک لاکھ ٹن تیل ہو گا،اس لیے جہاز کو عمان کی بندرگاہ پر لنگرانداز کیے جانے کے بعد وہاں سے چھوٹے جہازوں کے ذریعے تیل جون کے پہلے یا دوسرے ہفتے پاکستان پہنچ جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں