25

پاکستان : میں سیاسی بحران ضرور ہے،جلد قابو پا لیا جائے گا،خواجہ آصف عسکری اور سول تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں،ہم نے گرفتاریوں پر کبھی تنصیبات پر حملے نہیں کیے،وزیر دفاع کی غیر ملکی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ؛ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی بحران ضرور ہے لیکن جلد قابو پا لیا جائے گا،چند دنوں میں حالات معمول پر آ جائیں گے اور انتخابات اکتوبر میں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کو پرتشدد واقعات میں پی ٹی آئی کے جتھوں نے عسکری تنصیبات پر حملے کیے،پاکستان میں اس سے پہلے بھی گرفتاری ہوتی رہیں اور میں بھی گرفتار ہوا تھا۔نواز شریف سمیت کئی لوگ گرفتار ہوئے تھے لیکن ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گرفتاریوں پر کبھی عسکری اور سول تنصیبات پر حملے نہیں کیے،عسکری اور سول تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں۔ وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات ضرور ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تنصیبات پر حملے کئے جائیں،ایسا عمل پاکستان کیخلاف جنگ کے مترادف ہے،جن لوگوں نے حملے کیے ان کے ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوں گے۔قبل ازیں خواجہ آصف نے کہا کہ سوموٹو کے خلاف کیا کوئی اپیل کرسکتا ہے؟ بہت سارے لوگوں کو کمیٹیوں میں بلاتے ہیں لیکن وہ نہیں آتے،توہین پارلیمنٹ پر چھ ماہ قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوسکتا ہے۔ پاکستان میں سب سے زیادہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس لیتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہ ان کی تاحیات پنشن بن جاتی ہے۔ ملک میں ایمرجنسی کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔ پرتشدد واقعات میں پی ٹی آئی کے کارکنان ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کو سوشل میڈیا کی مدد سے گرفتار کررہے ہیں،عمران خان کہتے ہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تو ایسا ہی ردعمل آئے گا،ملکی تنصیبات اور فوجی تنصیبات پر حملے کے خلاف کاروائی ضرور ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں